کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کی صدر یاسمین بٹ نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شہنیلا خانزادہ کے ہمراہ کراچی ایسٹ کی مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور مجالسِ عزا میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے عزادارانِ امام حسینؑ سے ملاقات کی، مجالس کے منتظمین سے تبادلۂ خیال کیا اور محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
یاسمین بٹ نے کہا کہ واقعۂ کربلا حق، سچائی، صبر اور قربانی کا لازوال پیغام دیتا ہے اور حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں اتحاد، ایثار، برداشت اور مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے۔
اس موقع پر شہنیلا خانزادہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی، امن اور رواداری کے فروغ کے لیے عملی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ انہوں نے امام بارگاہوں کے منتظمین اور رضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عزاداروں کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے تمام اداروں کو بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں نے مجالس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی، استحکام، قومی یکجہتی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔


