کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان پیپلز پارٹی پی ایس 98 کے زیر اہتمام نو منتخب لیڈیز ونگ اور دیگر عہدیداران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی گئی اور پارٹی کی کامیابیوں کو سراہا گیا۔
تقریب میں ضلع شرقی کی صدر یاسمین بٹ، ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری شہنیلا خانزادہ، خدیجہ چانڈیو سمیت بڑی تعداد میں کارکنان اور عہدیداران نے شرکت کی۔
اس موقع پر صدر بشیر احمد خاصخیلی، سینئر نائب صدر تاج محمد وسان، جنرل سیکریٹری مصباح خان اور سیکریٹری اطلاعات برکت علی سومرو نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران سندھ کی ثقافت کی نمائندہ علامت اجرک بطور تحفہ پیش کی گئی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب عہدیداران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے ہوئے پارٹی منشور کو گھر گھر پہنچائیں گے اور عوامی خدمت کے مشن کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق تنظیمی سرگرمیوں کو مزید فعال بنایا جائے گا اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر مؤثر کردار ادا کیا جائے گا۔


