12

عوام کے لیے خوشخبری، این آئی سی وی ڈی اور حسن سلیمان اسپتال کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں ملیر اور گرد و نواح کے رہائشیوں کے لیے امراضِ قلب کی بہتر اور فوری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی موجودگی میں این آئی سی وی ڈی کراچی اور حسن سلیمان میموریل اسپتال کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔

معاہدے کے تحت ملیر کے عوام کو ہنگامی امراضِ قلب کی فوری جانچ، ابتدائی طبی امداد اور بعد از علاج نگہداشت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ پیچیدہ امراض کے مریضوں کو این آئی سی وی ڈی کے جدید علاجی نظام سے منسلک کیا جائے گا۔

اس شراکت داری کے تحت ٹیلی کارڈیالوجی، ماہرین کی مشاورت اور طبی عملے کی تربیت سمیت مختلف سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، جس کا مقصد دل کے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دل کے امراض میں فوری علاج انتہائی اہم ہے اور یہ منصوبہ ملیر سمیت قریبی علاقوں کے ہزاروں شہریوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے اس اقدام کو سندھ میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا، جبکہ حکام کے مطابق یہ شراکت داری 20 سالہ مدت کے لیے ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں