کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی کے شعبہ فزیالوجی اور ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر کے درمیان طلبہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ، انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئےمفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب بدھ کے روز جامعہ کراچی کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔
مفاہمتی یادداشت کےمطابق ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری کے ماہرین جامعہ کراچی کے شعبہ فزیالوجی کی ڈیپارٹمنٹل ایڈوائزری بورڈ کا حصہ ہوں گے، جبکہ جامعہ کراچی کے طلبہ اور اساتذہ کو شہر بھر میں قائم ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹریز میں تجزیاتی سہولیات اور خصوصی رعایتی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
معاہدے کے مطابق جامعہ کراچی اور ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری مشترکہ تحقیقی منصوبوں، کانفرنسوں اور سیمینارز کا انعقاد بھی کریں گے تاکہ صحت عامہ، حفاظتی تدابیر اور احتیاطی صحت کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔ اس اشتراک کا مقصد شہر میں احتیاطی طبی اقدامات کے فروغ اور صحت سے متعلق شعور بیدار کرنا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے تحقیق، ترقی، تعلیم، تربیت اور علم کی طویل المدتی غیر تجارتی ترویج کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔
انہوں نے یونیورسٹی اور صنعت کے درمیان شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے علم اور معلومات کے تبادلے کو فروغ ملے گا، خصوصاً ان شعبوں میں جو دونوں اداروں کے مشترکہ مفادات سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اشتراک سے نئے روابط قائم ہوں گے، باہمی تعامل میں اضافہ ہوگا، مسائل کے حل کی صلاحیت مضبوط ہوگی اور جدید طریقہ کار اور ٹیکنالوجیز کو اپنانے میں مدد ملے گی، جس سے دونوں ادارے مستفید ہوں گے۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت صنعت اور جامعات کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اشتراکات نہ صرف تحقیق، تربیت اور علم کی منتقلی کو فروغ دیتے ہیں بلکہ طلبہ کو عملی تجربات حاصل کرنے اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں سیکھنے کے قیمتی مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے جامعہ کراچی مسائل کے حل کی اپنی صلاحیت میں اضافہ، جدید طریقہ کار کو اپنانے اور نئی ٹیکنالوجیز کو کیمپس میں متعارف کرانے کے قابل ہوگی۔ ان کے مطابق یہ ہم آہنگی طلبہ کو بہتر تعلیمی تجربات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جامعہ کراچی کو جدت، تحقیق اور علم کی ترویج کے ایک مؤثر مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنائے گی۔
تقریب میں جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایوننگ پروگرامز پروفیسر ڈاکٹر سیدشبیب الحسن، فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز کی ڈین،پروفیسرڈاکٹر زعیمہ اسرارمحی الدین، شعبہ فزیالوجی کے اساتذہ، سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر وفا الطاف، ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی ڈاکٹر سیدہ حورالعین، ان کی ٹیم، ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری کے کلسٹر منیجر تنویر قادری، کارپوریٹ نمائندہ نمرہ امتیاز اور دیگر بھی موجود تھے۔


