6

محرم الحرام کی آمد، نیو کراچی ٹاؤن میں انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو )نیو کراچی ٹاؤن میں محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور مجالس و جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے کی۔ اجلاس میں مساجد و امام بارگاہوں کے منتظمین،جلوس و مجالس کمیٹی کے اراکین، ٹاؤن افسران، واٹراینڈ سیوریج بورڈ کارپوریشن، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی، پانی کی بلا تعطل فراہمی، اسٹریٹ لائٹس، جلوسوں کے راستوں کی مرمت و استر کاری، نکاسی آب اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ دی جبکہ عزاداروں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے جامع حکمت عملی بھی مرتب کی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے کہا کہ محرم الحرام اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور مقدس مہینہ ہے جو ہمیں حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ امام حسینؓ نے حق، سچائی، انصاف اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے جو عظیم قربانی پیش کی وہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔انہوں نے کہا کہ واقع کربلا ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے، حق کا ساتھ دینے اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ آج بھی امت مسلمہ کو امام حسینؓ کی تعلیمات اور ان کے کردار سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں اخوت، برداشت اور یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔شعیب بن ظہیر نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ محرم الحرام کے سلسلے میں اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے متحرک ہے۔ مساجد، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے راستوں کے اطراف خصوصی صفائی مہم جاری ہے، سڑکوں اور گلیوں کی مرمت و بحالی کا کام تیز کیا جا رہا ہے جبکہ نشیبی مقامات کو ہموار کرکے عزاداروں کی آمد و رفت کو آسان بنایا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جلوسوں کے راستوں پر روشنی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور کسی بھی شکایت یا مسئلے کے حل میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے تمام محکمے باہمی تعاون اور یکجہتی کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ عزاداروں کو پرسکون، محفوظ اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر محرم الحرام کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور متعلقہ اداروں کے درمیان مکمل رابطہ برقرار رکھنے پر زور دیا گیا تاکہ مجالس اور جلوسوں کے دوران عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں