5

جامعہ کراچی میں تعلیمی بحران، طلبہ نے 10 نکاتی مطالبات پیش کر دیے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی میں جاری تعلیمی بحران، طویل تعلیمی تعطل اور طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کی جانب سے 10 نکاتی مطالبات پیش کیے گئے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 40 روز سے زائد عرصے سے تعلیمی سرگرمیاں معطل ہونے کے باعث ہزاروں طلبہ کا تعلیمی مستقبل شدید غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری اور عملی اقدامات نہ کیے گئے تو طلبہ کو ناقابلِ تلافی تعلیمی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

طلبہ رہنماؤں نے کہا کہ تعلیمی بحران کے باعث نہ صرف امتحانات اور سیشن متاثر ہو رہے ہیں بلکہ ذہنی دباؤ اور مالی مشکلات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس کی ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔

پریس کانفرنس میں پیش کیے گئے 10 نکاتی مطالبات میں تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات، امتحانات کے شیڈول اور اکیڈمک کیلنڈر کا فوری اعلان، اساتذہ کے واجبات کی بروقت ادائیگی، فیسوں میں اضافے پر نظرثانی اور طلبہ دوست پالیسی اپنانے جیسے اہم مطالبات شامل تھے۔

طلبہ رہنماؤں نے حکومت اور جامعہ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور فوری اقدامات کیے جائیں، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں