کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شارع فیصل پر واقع عوامی مرکز پاسپورٹ آفس میں Federal Investigation Agency (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے افغان باشندوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کے الزام میں ایک افسر کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے سی ٹی ڈبلیو کراچی کے مطابق کارروائی کے دوران پاسپورٹ آفس میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر فاروق سیال کو حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پر الزام ہے کہ وہ مبینہ طور پر جعلی پاکستانی دستاویزات کی بنیاد پر غیر ملکی شہریوں کو پاسپورٹ جاری کرنے میں ملوث تھا۔
کارروائی کے دوران دفتر کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال بھی کی گئی، جس میں 70 سے زائد غیر ملکی افراد کے پاسپورٹ سے متعلق دستاویزات برآمد ہوئیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ان افراد کا تعلق مبینہ طور پر افغانستان سے بتایا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق تمام ریکارڈ اور دستاویزات کا فرانزک جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کے لیے بھی تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔


