کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کےآن لائن داخلہ پورٹلSECCAP پر گیارھویں جماعت میں داخلوں کے لیے درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔
اب تک مجموعی طور پر 38 ہزار 895 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ طلبہ و طالبات مختلف تعلیمی گروپس میں داخلوں کے لیے بھرپور دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، جنرل سائنس، کامرس اور آرٹس گروپس میں داخلوں کے لیے درخواستیں آن لائن موصول کی جا رہی ہیں۔
ریجنز کے لحاظ سے کراچی سے سب سے زیادہ 30 ہزار 251 درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں، جبکہ حیدرآباد ریجن سے 3 ہزار 679 درخواستیں موصول ہوئیں۔
اسی طرح سکھر ریجن سے 1 ہزار 876، میرپورخاص ریجن سے 1 ہزار 141، شہید بینظیر آباد ریجن سے 1 ہزار 116 جبکہ لاڑکانہ ریجن سے 832 درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔
محکمہ کالج ایجوکیشن کے مطابق SECCAP Portal کے تحت داخلہ کا پورا عمل مکمل طور پر آن لائن ہے، جس کے ذریعے طلبہ و طالبات گھر بیٹھے آسانی سے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
داخلہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 14 جولائی مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد مزید درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی۔


