کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں نیو سبزی منڈی کے مقام پر ٹرانسپورٹرز کے لیے خصوصی فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کے اجلاس میں متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فیسلیٹیشن ڈیسک کے قیام کا مقصد کراچی آنے والی مال بردار گاڑیوں کو روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری دستاویزات کی فراہمی اور تجدید میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد 30 جون 2026 تک زیادہ سے زیادہ کمرشل اور مال بردار گاڑیوں کو حکومت سندھ کے ڈیجیٹل اور آٹومیشن نظام میں شامل کرنا ہے تاکہ نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق فیسلیٹیشن ڈیسک کو آئندہ ہفتے مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا، جس کے لیے عملہ تعینات کیا جا رہا ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز کی آگاہی کے لیے بینرز اور عوامی نوٹسز بھی جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیو سبزی منڈی میں اس سہولت کے قیام سے ٹرانسپورٹرز کو دفاتر کے بار بار چکر لگانے سے نجات ملے گی اور ان کے مسائل ایک ہی جگہ پر حل کیے جا سکیں گے۔


