کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے Orangi Town میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں چار بچوں کی ماں نے مبینہ طور پر زہریلی دوا پی کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے غازی گوٹھ میں گھر سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی، جسے Edhi Foundation کی ایمبولینس کے ذریعے Abbasi Shaheed Hospital منتقل کیا گیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او پاکستان بازار معراج انور نے بتایا کہ متوفیہ کی شناخت 45 سالہ زینب کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون نے گھر میں زہریلی دوا پی کر خودکشی کی۔ پولیس کے مطابق متوفیہ چار بچوں کی ماں تھی اور ایک فیکٹری میں ملازمت کرتی تھی، تاہم گزشتہ چند ماہ سے بے روزگار تھی، جس کے باعث وہ شدید معاشی اور مالی مشکلات کا شکار تھی۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ متوفیہ کو اس کے شوہر نے دو سال قبل طلاق دے دی تھی۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مزید چھان بین جاری ہے۔


