30

وفاق اور سندھ مہاجر قوم کے زخموں پر مزید نمک نہ چھڑکیں: شوکت اللہ فاروقی

کراچی(ایچ آرڈبلیو)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئرمین شوکت اللہ فاروقی نے کہا ہے کہ وفاق اور سندھ حکومت مہاجر قوم کے زخموں پر مزید نمک نہ چھڑکیں اور شہری سندھ کے حقوق کا احترام کیا جائے۔

یہ بات انہوں نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر ڈسٹرکٹ سینٹرل سے آئے مہاجر اکابرین سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں شہری سندھ کے حقوق اور سیاسی مفاہمت کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شوکت اللہ فاروقی نے کہا کہ شہری سندھ میں مہاجر قوم نے قیامِ پاکستان کے بعد اپنی محنت، تعلیم، سرمایہ اور صلاحیتوں کے ذریعے کراچی کو ملک کا معاشی حب بنایا اور دیگر شہروں سے آنے والے افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ جب بھی وفاقی بجٹ، این ایف سی ایوارڈ، آئینی ترمیم یا وسائل کی تقسیم کا مرحلہ آتا ہے تو وفاق اور سندھ حکومت سیاسی مفادات کے لیے ایک دوسرے پر دباؤ ڈالنے اور بلیک میلنگ کی سیاست کرتے ہیں، جس کا نقصان کراچی اور شہری سندھ کے عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔

شوکت اللہ فاروقی نے مزید کہا کہ شہری سندھ پاکستان کی معاشی شہ رگ ہونے کے باوجود سب سے زیادہ محروم ہے۔ ان کے مطابق شہری سندھ کو آئینی، مالی اور سیاسی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، جبکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری سندھ کو اس کا حق دیا جائے اور اس کے مینڈیٹ، وسائل اور شناخت کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں