20

شرجیل میمن کا ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر اظہارِ خیال

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں ترقیاتی کام جاری ہیں، شاہراہ بھٹو کو عوام کی جانب سے مثبت ردعمل ملا ہے۔ شہر میں پل اور انڈر پاسز کی تعمیر ہو رہی ہے، جبکہ موٹر وے کا آغاز کراچی سے ہونا چاہیے تھا۔

سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ میں دنیا کا سب سے بڑا رہائشی منصوبہ جاری ہے اور توانائی کے شعبے میں بھی بڑے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سب سے زیادہ ٹریفک دباؤ موجود ہے کیونکہ پورے پاکستان سے لوگ یہاں روزگار کے لیے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ناردرن بائی پاس کے ساتھ ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاکہ گڈز ٹرانسپورٹ کو بہتر بنایا جا سکے۔ شرجیل میمن کے مطابق کراچی پورے ملک کے روزگار اور صحت کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے باعث یونیورسٹی روڈ پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم سندھ حکومت نے عوامی سہولت کے لیے کچھ سخت فیصلے بھی کیے ہیں۔ ان کے مطابق شاہراہ بھٹو کی تعمیر سے شہریوں کو سہولت اور وقت کی بچت ہو رہی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں صحت کے شعبے میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے، گمبٹ اور دیگر اسپتالوں میں مریضوں کو مفت علاج کی سہولت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت 21 لاکھ گھروں کا منصوبہ مکمل کر رہی ہے جبکہ تھر کے کوئلے پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے سستی بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کلین سوئپ کرے گی۔ انہوں نے وفاقی وزراء کے دوروں اور بیانات کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے کیپٹن صفدر کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاسی حیثیت اتنی نہیں کہ ان کی باتوں کا تفصیلی جواب دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں