کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹرز اور افسران کے خلاف مبینہ بدعنوانی اور رشوت کے الزامات پر جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے احتجاج کیا گیا ہے۔
جے یو آئی عہدیداران اور وکلاء نے سنگل ونڈو فیسلٹی میں جمع ہو کر افسران کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا اور نقشہ جات کی منظوری کے عوض رشوت طلب کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے۔
احتجاج کے دوران اے ڈی جی آپریشن فرحان قیصر نے مظاہرین سے ملاقات کی اور ان کی شکایات سنی۔ بعد ازاں ایس بی سی اے حکام نے زیر التواء نقشہ جات کی جانچ کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جس میں علی غفران، سمیع جملانی اور شہزاد قریشی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق سنگل ونڈو میں جمع تمام نقشہ جات کی مکمل جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ رفاعی پلاٹس پر رہائشی تعمیرات کے نقشے قانونی طور پر منظور نہیں کیے جا سکتے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ نارتھ کراچی کے پلاٹس سے متعلق کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے وضاحت نہ ملنے کے باعث بعض منظوریوں کو روکا گیا ہے۔
ایس بی سی اے حکام نے جے یو آئی رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام کیسز کی شفاف جانچ کے بعد جلد فیصلے کیے جائیں گے اور بدھ تک معاملات نمٹانے کی کوشش کی جائے گی۔


