18

سندھ بھر کی پبلک لائبریریز کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)محکمہ لائبریریز سندھ نے صوبے بھر کی پبلک لائبریریز کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق صوبے کی اہم لائبریریز اب پیر سے ہفتہ تک صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلی رہیں گی، جبکہ دیگر لائبریریز طلبہ کی حاضری کے مطابق شام 5 یا 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔

کراچی میں لیاقت میموریل لائبریری، سچل گوٹھ لائبریری اور ماڈل لائبریری نیو کراچی بھی نئے شیڈول کے مطابق صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلی رہیں گی۔

حیدرآباد میں شمس العلماء داؤدپوتہ لائبریری اور حسرت موہانی سینٹرل لائبریری بھی اسی شیڈول کے تحت کام کریں گی، جبکہ سندھ گورنمنٹ لائبریری کوٹڑی صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلی رہے گی۔

اسی طرح سیہون، دادو، میرپورخاص، لاڑکانہ، رتودیرو، نودِیرو اور قاضی احمد سمیت مختلف شہروں کی لائبریریز کے اوقات کار بھی مختلف درجوں میں بڑھا دیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ کی سہولت اور مطالعاتی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے، جس پر سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت کی ہدایت پر عمل کیا گیا۔

محکمہ لائبریریز سندھ نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں