کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جاوید عالم اوڈھو نے 90 لاکھ روپے ڈکیتی کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری پر ایس ایس پی ساؤتھ اور پریڈی پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔
گزشتہ رات ضلع جنوبی میں کراچی کے علاقے پریڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس مقابلے کے بعد 90 لاکھ روپے ڈکیتی کے مبینہ ماسٹر مائنڈ نور ولی کو زخمی حالت میں گرفتار کیا تھا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ کیس کی تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری میں شامل افسران و اہلکاروں کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے اور اس کارروائی سے عوام کے اعتماد کی بحالی میں مدد ملی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پریڈی پولیس کی یہ کامیاب کارروائی کراچی پولیس کی جرائم کے خلاف مؤثر حکمت عملی کا مظہر ہے۔
آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ کیس کے دیگر سہولت کاروں اور ساتھی ملزمان کی گرفتاری بھی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔


