16

کراچی میں آوارہ کتوں کی بھرمار، سگ گزیدگی کے 40 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ،

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے نائب صدر رضوان نیازی نے شہر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور سگ گزیدگی کے خطرناک حد تک بڑھتے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں آوارہ کتوں کی بھرمار کے باعث شہری، خصوصاً بچے، خواتین اور بزرگ شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں، جبکہ روزمرہ معمولات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

رضوان نیازی کے مطابق رواں سال کراچی میں 40 ہزار سے زائد کتے کے کاٹنے کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ 11 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ 150 سے زائد متاثرہ افراد شہر کے مختلف اسپتالوں میں لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اینٹی ریبیز ویکسین اور علاج کی موجودگی کے باوجود اموات کا رپورٹ ہونا سندھ محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورنگی، لانڈھی، لیاقت آباد، عزیزآباد، محمودآباد، سہراب گوٹھ، ملیر، کیماڑی اور دیگر علاقوں میں آوارہ کتوں کی بھرمار کے باعث شہری گھروں تک محدود ہو گئے ہیں۔

رضوان نیازی نے الزام عائد کیا کہ سندھ حکومت اور میئر کراچی کی جانب سے آوارہ کتوں کے خلاف اقدامات صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہیں اور عملی طور پر کوئی مؤثر مہم نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں، اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں