15

عمران خان کی ملاقاتوں پر پابندی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، منصور احمد شیخ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سینیئر نائب صدر و چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کی فیملی اور ذاتی معالجین سے ملاقاتوں پر پابندی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک قومی رہنما کو اہل خانہ اور ذاتی ڈاکٹروں تک رسائی سے محروم رکھنا افسوسناک اور قابل مذمت اقدام ہے، جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔

منصور احمد شیخ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کی ترقی، خودمختاری اور حقیقی آزادی کے لیے آواز بلند کی، مگر انہیں ان کے اصولی مؤقف کی سزا دی جا رہی ہے۔ ان کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک عوام کے جذبات کو مجروح کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے، مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے اور عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، جبکہ سیاسی انتقام ملک کے مفاد میں نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹ کے احترام اور آئین کی بالادستی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ اگر عوامی مینڈیٹ کو مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا تو حالات مزید خراب ہوں گے۔

منصور احمد شیخ نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی ملاقاتیں فوری طور پر بحال کی جائیں اور انہیں ذاتی معالجین تک رسائی دی جائے تاکہ ان کے بنیادی انسانی اور طبی حقوق یقینی بنائے جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں