19

جدہ سے کراچی آنے والی پرواز 15 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار، حجاج کرام رُل گئے

سعودی عرب(ایچ آراین ڈبلیو)جدہ سے کراچی آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز شدید تاخیر کا شکار ہو گئی، جس کے باعث سینکڑوں پاکستانی حجاج کرام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پی آئی اے کی جدہ سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 860 نامعلوم وجوہات کی بنا پر 15 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی۔ اس پرواز میں 250 سے زائد پاکستانی حجاج کرام سوار تھے جو طویل وقت تک جدہ ایئرپورٹ پر روانگی کے منتظر رہے۔

شیڈول کے مطابق پرواز کو آج صبح پاکستان کے لیے روانہ ہونا تھا اور صبح 10 بجے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا، تاہم تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید ذہنی و جسمانی اذیت برداشت کرنا پڑی۔ حجاج کرام کو صبح 4 بجے ہوٹلوں سے جدہ ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا تھا۔

متاثرہ حجاج کرام نے پرواز کی غیر معمولی تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان سے نوٹس لینے اور فوری مدد کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پرواز میں تاخیر آپریشنل وجوہات کے باعث ہوئی۔ حکام کے مطابق حجاج کرام اور مکہ میں موجود مکاتب کو دستیاب فون نمبرز پر بروقت آگاہ کر دیا گیا تھا، تاہم مکاتب کو جلد خالی کرنے کے باعث حجاج کو ایئرپورٹ منتقل کیا گیا۔

پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق متاثرہ حجاج کرام کا ہر ممکن خیال رکھا جا رہا ہے اور جدہ حج ٹرمینل پر مسافروں کو کھانا، مشروبات اور مکمل رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں