نیوارک(ایچ آراین ڈبلیو)ایک مسافر کی بلوٹوتھ ڈیوائس کا نام ’’بم‘‘ ظاہر ہونے پر امریکا سے اسپین جانے والی United Airlines کی پرواز کو ہنگامی طور پر واپس نیوارک لینڈ کرنا پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق یونائیٹڈ ایئر کی پرواز یو اے 236 نیوارک سے اسپین کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ روانگی کے تقریباً پونے دو گھنٹے بعد کیبن میں اس وقت تشویش پیدا ہو گئی جب ایک مسافر کی بلوٹوتھ ڈیوائس کا نام دیگر مسافروں کو ’’بم‘‘ کے طور پر نظر آیا۔
واقعے کے بعد حفاظتی ایس او پیز کے تحت فوری کارروائی کی گئی اور طیارے کو بحرِ اوقیانوس سے واپس موڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پرواز نے روانگی کے تقریباً پونے چار گھنٹے بعد نیوارک ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کیا۔
ایئرپورٹ پر سکیورٹی اداروں نے مکمل جانچ پڑتال کی، تمام حفاظتی اقدامات مکمل کیے گئے اور کلیئرنس ملنے کے بعد پرواز کو دوبارہ اپنی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
ایئرلائن حکام کے مطابق واقعہ سکیورٹی پروٹوکول کے تحت ہینڈل کیا گیا اور کسی قسم کا خطرناک مواد برآمد نہیں ہوا۔


