19

کراچی کی بندرگاہوں پر ایف آئی اے کی مؤثر کارروائیاں، مئی 2026 میں 70 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے مئی 2026 کے دوران کراچی کی بندرگاہوں پر مختلف خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 70 لاکھ روپے جرمانے قومی خزانے میں جمع کروائے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائیاں کراچی سی پورٹ اور پورٹ محمد بن قاسم پر کی گئیں۔

ترجمان کے مطابق کراچی سی پورٹ پر مختلف بحری جہازوں کے 12 کریو ممبران اور افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ان میں MT AL Tarf کے 3 بنگلہ دیشی، CV Albert-P کے 2 پاکستانی اور 2 فلپائنی، MT Asana کا ایک شامی، Marine Xane کا ایک میانمار (برمی) شہری اور M.V. Sen Remo کے 3 یونانی سپرنٹنڈنٹس شامل ہیں۔ کراچی سی پورٹ پر عائد کیے گئے جرمانوں کی مجموعی مالیت 60 لاکھ روپے رہی۔

اسی طرح پورٹ محمد بن قاسم میں JBU Shelde نامی جہاز پر کارروائی کے دوران 2 بھارتی کریو ممبران پر مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق رپورٹنگ مدت کے دوران مجموعی طور پر 6 بحری جہازوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں جبکہ 14 کریو ممبران اور افراد کو جرمانے کیے گئے۔ دونوں بندرگاہوں پر عائد کیے گئے جرمانوں کی مجموعی رقم 70 لاکھ روپے رہی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایف آئی اے نے کراچی کی بندرگاہوں پر ماہانہ انفورسمنٹ کارروائیوں کے نتیجے میں اتنی بڑی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی ہے، جو میری ٹائم سیکیورٹی اور امیگریشن قوانین کے مؤثر نفاذ کی واضح عکاسی کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں