کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے گھگھر پھاٹک کے قریب پولیس کی مبینہ ہراسمنٹ کے باعث موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان حادثے کا شکار ہو گئے۔ حادثے میں دونوں نوجوان شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یوسف عارفانی گوٹھ کے رہائشی لالا عارفانی اور بہادر عارفانی ساکرو سے بارات کے ہمراہ واپس یوسف عارفانی گوٹھ آ رہے تھے کہ راستے میں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے اچانک پستول نکال کر انہیں رکنے کا اشارہ کیا۔
پولیس کی مبینہ کارروائی سے نوجوان گھبرا گئے اور موٹر سائیکل کا توازن برقرار نہ رکھ سکے، جس کے نتیجے میں وہ سڑک پر گر پڑے۔ اسی دوران ایک تیز رفتار ٹرالر ان پر چڑھ گیا جس سے دونوں نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی بس میں سوار دیگر باراتی بھی موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پائی جاتی ہے۔


