کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس کی پاور وین میں خانیوال کے قریب اچانک آگ لگ گئی، جس کے بعد پاور وین کو فوری طور پر ٹرین سے الگ کر دیا گیا۔
ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق آگ دیکھتے ہی دیکھتے پوری پاور وین میں پھیل گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔
واقعے کے بعد ٹرین کو دوبارہ روانہ کر دیا گیا اور مسافروں کو محفوظ طریقے سے راولپنڈی کے لیے سفر جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔
دوسری جانب چیئرمین ریلوے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو سات روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ ترجمان کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تکنیکی اور انتظامی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔


