کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد اسلامک ریسرچ سینٹر میں کیا گیا، جس میں کاظم عباس کو آئندہ تین سال کے لیے کراچی ڈویژن کا صدر منتخب کر لیا گیا۔
صدر کے انتخاب کا اعلان مرکزی وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے کیا، جبکہ اس موقع پر صوبائی صدر علامہ حیات عباس نجفی بھی موجود تھے۔ کنونشن میں سینکڑوں تنظیمی ذمہ داران اور کارکنان نے شرکت کی۔
نو منتخب صدر کاظم عباس نے خطاب میں کہا کہ ان کی سیاست کا بنیادی مقصد مظلوم کی حمایت اور ظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو درپیش مسائل، بنیادی حقوق کی محرومی اور انتظامی پالیسیوں کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائی جائے گی۔
انہوں نے فلسطین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور خطے میں جاری کشیدگی کے ذمہ دار امریکہ اور اسرائیل کو قرار دیا۔ انہوں نے بعض عرب حکمرانوں کی پالیسیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کے مفادات کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔


