4

پیٹرولیم مصنوعات میں معمولی کمی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، حسنین علی چوہان

کراچی: (ایچ آراین ڈبلیو) انصاف لائرز فورم کراچی ڈویژن کے سینئر رہنما اور معروف قانوندان ایڈوکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف 22 روپے فی لیٹر کمی عوام کے ساتھ مذاق اور ان کی مشکلات کا احساس نہ ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود عوام کو مناسب ریلیف نہ دینا حکومتی نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں کا عکاس ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں حسنین علی چوہان نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے تناسب سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 150 سے 200 روپے فی لیٹر تک کمی کی گنجائش موجود ہے، مگر حکومت عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے بجائے مختلف ٹیکسوں اور لیویوں کے ذریعے ان پر اضافی بوجھ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے یوٹیلٹی بلز کے باعث عوام پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی عوام پر ایک غیر منصفانہ اور ظالمانہ ٹیکس ہے جس کے ذریعے اربوں روپے عوام کی جیبوں سے نکالے جا رہے ہیں۔ ماضی میں قومی بحران اور کورونا وبا جیسے مشکل حالات کے دوران بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے لیوی میں کمی اور سہولیات دی گئی تھیں، مگر موجودہ حکومت عوامی مشکلات کم کرنے کے بجائے انہیں مزید بڑھا رہی ہے۔

حسنین علی چوہان نے کہا کہ حکمران طبقے کی شاہ خرچیاں اور عیاشیاں عوام کے خون پسینے کی کمائی سے نہیں چلنی چاہئیں۔ اگر عالمی سطح پر تیل سستا ہو رہا ہے تو اس کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی کو فوری طور پر ختم کیا جائے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید نمایاں کمی کی جائے اور عوام کو حقیقی معاشی ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوامی مسائل کو نظرانداز کیا گیا تو عوام اپنے آئینی اور جمہوری حق کے تحت بھرپور آواز بلند کرنے پر مجبور ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں