اٹک(ایچ آراین ڈبلیو) تحصیل فتح جنگ میں منعقدہ اجتماعی شادیوں کی ایک بڑی تقریب کے دوران گورنر پنجاب پنجاب نے 120 مستحق بچیوں کو رخصت کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ جب انہوں نے 100 شادیوں کا اعلان کیا تھا تو اس وقت وسائل محدود تھے، تاہم مخیر حضرات کے تعاون سے یہ فلاحی منصوبہ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تمام بچیاں ان کی اپنی بیٹیوں کی طرح ہیں اور کسی بھی مستحق بچی کو وسائل کی کمی کے باعث گھر بیٹھنے نہیں دیا جائے گا۔
گورنر پنجاب نے اعلان کیا کہ عیدالاضحیٰ کے بعد 500 اجتماعی شادیوں پر مشتمل ایک اور بڑا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے چیف آرگنائزر ملک کامران خاکی کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع اٹک میں ڈائلیسز اور تھیلیسیمیا سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ تحصیل جنڈ میں جدید زچہ و بچہ سینٹر کے قیام کا بھی منصوبہ ہے۔
گورنر پنجاب کے مطابق علاقے میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں، جبکہ حسن ابدال اور فتح جنگ کے درمیان الیکٹرک بس سروس بھی شروع کی جا چکی ہے تاکہ عوام کو سستی اور بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔


