حیدرآباد (ایچ آراین ڈبلیو) استحکام پاکستان آرگنائزیشن کے چیئرمین محمد احسن ناغڑ نے کوئٹہ چمن پھاٹک کے قریب ہونے والے المناک ٹرین دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ نہ صرف معصوم اور بے گناہ شہریوں پر حملہ ہے بلکہ پاکستان کے امن، استحکام اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی ایک منظم سازش ہے انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس افسوسناک واقعے میں 25 سے زائد افراد شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ شہداء میں عام شہری، مزدور، مسافر اور محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں، جو اپنے روزگار اور خاندانوں کی خاطر سفر کر رہے تھے۔ معصوم جانوں کا ضیاع پوری قوم کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے محمد احسن ناغڑ نے کہا کہ دہشتگرد عناصر پاکستان میں خوف، بے یقینی اور انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، مگر پاکستانی قوم متحد ہے اور ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف اپنی افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایسے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں امن دشمن عناصر بیرونی ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ ریاستی اداروں کو چاہیے کہ اس واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کر کے ملوث دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ ایسے سانحات کا سدباب ممکن بنایا جا سکے چیئرمین استحکام پاکستان آرگنائزیشن نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے خصوصی دعا کرتے ہیں اور حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں انہوں نے نوجوانوں، سول سوسائٹی، مذہبی و سیاسی قیادت اور تمام محبِ وطن پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ملک دشمن قوتوں کے خلاف اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور قومی استحکام، امن اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں محمد احسن ناغڑ نے کہا پاکستان ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کی امانت ہے۔ ہمیں ہر قسم کی دہشتگردی، نفرت اور انتشار کے خلاف متحد ہو کر اپنے وطن کے امن اور سالمیت کا دفاع کرنا ہوگا۔ استحکام پاکستان آرگنائزیشن ہر اس قوت کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی جو پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گی۔”
4


