کراچی (ایچآراین ڈبلیو) پاکستان پیپلز پارٹی کی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات ایسٹ اور آر سی سی بلاول ہاؤس کی رکن شہنیلا خانزادہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے “شہراہِ بھٹو” جیسے عظیم منصوبے کا افتتاح کرکے کراچی کے عوام کو ایک تاریخی اور انقلابی تحفہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو صرف ایک سڑک نہیں بلکہ کراچی کی معاشی، تجارتی اور شہری ترقی کا نیا باب ہے جس سے ٹریفک کے دیرینہ مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی کو نظر انداز کیا جاتا رہا لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے شہر کی تعمیر و ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنایا۔ سندھ حکومت نے محدود وسائل کے باوجود کراچی میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جن میں شاہراہِ بھٹو، یونیورسٹی روڈ، ملیر ایکسپریس وے، فلائی اوورز، انڈر پاسز، سیوریج سسٹم کی بہتری، پانی کی فراہمی، پارکس کی بحالی اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب شامل ہیں۔
شہنیلا خانزادہ نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کراچی کے ہر ضلع اور ہر یونین کمیٹی میں بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی کے لیے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، برساتی نالوں کی صفائی اور شہری مسائل کے حل کے لیے دن رات کام جاری ہے تاکہ کراچی کو حقیقی معنوں میں روشنیوں کا شہر بنایا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا وژن عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی مسائل سے نجات دلا کر ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان بنانا ہے۔ پیپلز پارٹی نوجوانوں کو روزگار، خواتین کو بااختیار بنانے، تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین صرف الزام تراشی اور منفی سیاست میں مصروف ہیں جبکہ پیپلز پارٹی عملی خدمت کے ذریعے عوام کے دل جیت رہی ہے۔ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ سندھ حکومت شہر کو عالمی معیار کا جدید میٹروپولیٹن بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔


