تہران(ایچ آراین ڈبلیو)تہران: ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو آگاہ کیا ہے کہ امریکا کے “ضرورت سے زیادہ مطالبات” امن مذاکرات کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
عباس عراقچی نے ٹیلیفونک گفتگو میں مؤقف اختیار کیا کہ امریکا ماضی میں ٹوٹے ہوئے وعدوں، متضاد پالیسیوں اور فوجی کارروائیوں کے ذریعے سفارت کاری کو نقصان پہنچا چکا ہے، تاہم اس کے باوجود ایران پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات میں سنجیدگی سے حصہ لے رہا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کسی بھی ملک کی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال کو مسترد کرتے ہوئے خطے میں استحکام کے لیے سفارتی عمل جاری رکھنے پر زور دیا۔
دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے ثالثی کی کوششیں بھی تیز ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے سید عاصم منیر تہران پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی کہا ہے کہ وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطے میں ہیں اور پاکستان کی ثالثی میں ایران سے ممکنہ معاہدے کی امید کی جا رہی ہے۔


