لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور میں عید الاضحٰی اور نمازِ جمعہ کے پیش نظر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس کے مطابق شہر بھر کی مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اہم عبادت گاہوں کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ حساس علاقوں میں سنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ مساجد اور عبادت گاہوں کے اطراف گشت میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور پٹرولنگ یونٹس کو عبادت گاہوں کے گرد مسلسل گشت کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر ناکوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مشکوک گاڑی یا شخص کو بغیر مکمل تلاشی کے داخل نہ ہونے دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو مساجد سے مناسب فاصلے پر پارک کروایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید ہدایت کی کہ سپروائزری افسران نمازِ جمعہ کی سکیورٹی کا خود موقع پر جائزہ لیں اور سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تمام افسران اور جوان مکمل الرٹ رہیں۔
پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی ایمرجنسی یا مشتبہ صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔


