لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے دائر ہراسانی اور دھمکیوں کی شکایت پر معاملہ سنگین شکل اختیار کر گیا ہے، جس پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پنجاب کے ایک ایم پی اے کو طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ کی درخواست پر این سی سی آئی اے نے فریقین کو آج پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کیے ہیں تاکہ معاملے کی تحقیقات آگے بڑھائی جا سکیں۔
ادھر متعلقہ ایم پی اے کی جانب سے بھی اپنے کزن کی مدعیت میں اپنے آبائی ضلع میں نامعلوم افراد کے خلاف دھمکیوں کا مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔
اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنی شکایت میں الزام عائد کیا ہے کہ انہیں ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے طویل عرصے سے آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا تھا کہ متعدد بار این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو شکایات دینے کے باوجود مبینہ طور پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔


