اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)منعقدہ ایک مشترکہ کانفرنس کے دوران انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں ہر سال 93 ہزار سے زائد بچے تپ دق (ٹی بی) کا شکار ہو رہے ہیں۔
یہ اعداد و شمار عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 3 اداروں کی مشترکہ کانفرنس میں پیش کیے گئے، جس میں ملک میں ٹی بی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹی بی کے رجسٹرڈ مریضوں کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 69 ہزار ہے، جبکہ مریضوں میں تقریباً 14 فیصد بچے شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان ٹی بی سے متاثرہ دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے، جبکہ مشرقی بحیرہ روم کے خطے میں ٹی بی کے مجموعی بوجھ کا 73 فیصد حصہ پاکستان پر آتا ہے۔
کانفرنس میں بتایا گیا کہ وزارت صحت پاکستان اور دیگر ادارے بچوں کے علاج اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں۔ اس اجلاس میں ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز اور پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن نے بھی تعاون کیا۔


