لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیرِ اہتمام مریم نواز ویمن کمپلیکس، جوبلی ٹاؤن میں ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی، جس میں تقریباً 400 خواتین کو مختلف پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز مکمل کرنے پر اسناد سے نوازا گیا۔
تقریب میں خواتین انٹرپرینیورز کی جانب سے کاروباری منصوبوں، مصنوعات اور تخلیقی آئیڈیاز پر مبنی اسٹالز بھی لگائے گئے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔
تقریب کی مہمانِ اعزازی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ثمن رائے تھیں جبکہ پارلیمانی سیکرٹری سعدیہ تیمور اور معروف کاروباری شخصیت خواجہ شاہزیب اکرم نے بھی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانا ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر جیسے اقدامات خواتین کو جدید کاروباری مہارتیں سیکھنے اور عملی زندگی میں خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت مریم نواز کے وژن “مضبوط خواتین، مضبوط پنجاب” کے تحت خواتین کی تعلیم، ہنرمندی اور معاشی خودمختاری کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والی خواتین کو مبارکباد دی گئی اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ یہ کامیابیاں دیگر خواتین کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث بنیں گی۔


