13

مبینہ ڈرگ کیس کلپ پر راجہ پرویز اشرف کا ردِعمل، ایوان میں معاملہ زیرِ بحث

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرِاعظم راجہ پرویز اشرف نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مبینہ ڈرگ کیس کلپ پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر تصدیق کسی بھی شخص کا نام لینا مناسب نہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ 18 تاریخ کو سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں ایک مبینہ ڈرگ ڈیلر خاتون کی جانب سے ان کا نام لیا گیا، تاہم بعد میں خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ اس سے زبردستی بیان دلوایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس صورتحال پر حیران ہیں کہ آخر ان کا نام کس بنیاد پر لیا جا رہا ہے، اور مطالبہ کیا کہ ایسے معاملات کو تحقیقات مکمل ہونے سے قبل سوشل میڈیا یا عوامی سطح پر پیش نہ کیا جائے۔

اجلاس کے دوران وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق ہوگی اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس کو ہدایت دی جائے گی کہ ملزمان کو عدالت میں پیشی تک میڈیا میں نمایاں نہ کیا جائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سوال اٹھایا کہ سائبر کرائم اداروں کو غلط پروپیگنڈا پھیلانے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنی چاہیے۔

اجلاس میں اس مؤقف کا اظہار بھی کیا گیا کہ منشیات کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، جبکہ ایوان نے راجہ پرویز اشرف سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں