اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے تعلیم و کنوینئر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کی، جبکہ وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار، سید امین الحق اور جاوید حنیف بھی شامل تھے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ایم کیو ایم وفد نے کراچی اور سندھ میں جاری عوامی فلاحی منصوبوں سمیت آئندہ بجٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں اور مختلف ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے اور عوامی فلاح کے اقدامات میں اس کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایم کیو ایم کی بجٹ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے کر ایک قابل عمل اور جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔


