راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)نیشنل سکیورٹی اینڈ سٹریٹجک لیڈرشپ ورکشاپ 2026 کے دوران آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور سینئر اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ میں ملک بھر کی 200 سے زائد جامعات کے وائس چانسلرز، ڈین، رجسٹرارز اور سینئر اساتذہ نے شرکت کی، جبکہ لاہور، کراچی، پشاور، مظفرآباد، ملتان اور کوئٹہ سے شرکاء آن لائن بھی شریک ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکاء سے ملک کی داخلی صورتحال اور سکیورٹی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا اور قومی سلامتی کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔
شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ملک کے دفاع، استحکام اور سلامتی کے لیے قابلِ فخر کردار ادا کیا ہے اور انہیں افواجِ پاکستان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکیڈیمیا کو قومی سلامتی، انفارمیشن وارفیئر اور موجودہ چیلنجز کے بارے میں آگاہی دی گئی ہے، جبکہ افواج اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ورکشاپ کے شرکاء نے آئی ایس پی آر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلرز اور اکیڈیمیا کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ایک مثبت اور اہم پیش رفت ہے۔


