14

قومی اسمبلی میں پاک چین تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر متفقہ قرارداد منظور

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)قومی اسمبلی پاکستان نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر متفقہ قرارداد منظور کر لی ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چینی وفد کی مہمانوں کی گیلری میں آمد پر ارکان نے ڈیسک بجا کر استقبال کیا، جبکہ اسپیکر نے وفد کو ایوان میں خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری نے بھی مہمانوں کی گیلری میں جا کر چینی وفد سے ملاقات کی اور ان کا پرجوش استقبال کیا۔

قرارداد وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے پیش کی، جس میں کہا گیا کہ ایوان پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہے اور سی پیک سمیت تمام مشترکہ منصوبوں کو سراہتا ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ آئندہ 75 سال میں پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود چینی وفد کا خیر مقدم کیا جاتا ہے اور پاکستان چین کی دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔

اجلاس کے بعد چینی وفد کے اعزاز میں اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا تاہم دورانِ اجلاس مہمانوں کے احترام میں نعرے بازی سے گریز کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں