کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سجاد علی سومرو، رکنِ سندھ اسمبلی اور پاکستان تحریکِ انصاف کے ایم پی اے نے کے الیکٹرک کے خلاف بھرپور آواز بلند کرتے ہوئے کراچی خصوصاً لیاری کے عوام کی نمائندگی کی۔
اپنے خطاب میں سجاد علی سومرو نے کہا کہ اگر کے الیکٹرک منتخب نمائندوں کی بات نہیں سنتی تو پھر ایم پی اے بن کر بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں، ایسی صورت میں اجتماعی استعفوں پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 18 سے 20 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ نے لیاری سمیت پورے کراچی کی زندگی مفلوج کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی زیادتیاں حد سے بڑھ چکی ہیں اور شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔
سجاد علی سومرو نے واضح اعلان کیا کہ اگر عوام کے مسائل فوری حل نہ کیے گئے تو وہ سڑکوں پر نکل کر عوام کے ساتھ احتجاج کریں گے، حتیٰ کہ سڑکیں بند کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔
اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی اويس شاہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے رولنگ دی کہ جمعہ کے روز کے الیکٹرک کے حکام کو طلب کیا جائے تاکہ عوامی شکایات پر جواب طلب کیا جا سکے۔
اجلاس میں سجاد علی سومرو کے مؤقف کو ایک عوامی نمائندے کی مضبوط آواز قرار دیا گیا جو لیاری اور کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے اسمبلی فلور پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔


