22

سرسید یونیورسٹی کے وفد کی گورنر سندھ سے ملاقات، تعلیم کے فروغ پر تبادلہ خیال

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وفد نے چانسلر محمد اکبر علی خان کی قیادت میں گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران نجی جامعات کے کردار، جدید تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو معیاری تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے تعلیم کی کمرشلائزیشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض اداروں نے تعلیم کو کاروبار بنا دیا ہے جو افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم ایک خدمت کا شعبہ ہے اور اسے صرف منافع تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیقی صلاحیتوں اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ تعلیم یافتہ نوجوان ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم فراہم کرنا قومی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کم فیس میں معیاری اور جدید تعلیم فراہم کر رہی ہے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افضل حق نے کہا کہ ادارے کے پاس تجربہ کار فیکلٹی موجود ہے، جبکہ رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی سندھ کے نوجوانوں کو عصری تعلیم فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں