حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد میں اینٹی کرپشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ مختیار کار آفتاب سیپیو کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے متاثرہ شہری سے معاوضے کے چیک جاری کرنے کے عوض 3 لاکھ روپے رشوت طلب کی۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ شہری کو 18 لاکھ روپے سے زائد کے معاوضے کے چیکس جاری کیے جا چکے تھے، تاہم مزید چیکس کے اجرا کے لیے رشوت مانگی گئی۔ شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ رشوت نہ دینے کی صورت میں مزید معاوضے کے چیکس روکنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق آفتاب سیپیو خود کو ڈپٹی کمشنر اور اعلیٰ افسران کا فرنٹ مین ظاہر کر کے شہریوں سے رقوم بٹورتا رہا۔ اینٹی کرپشن حکام نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، جبکہ مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔


