31

پاکستان رائٹرز گلڈ ہاؤسنگ سوسائٹی میں تنازع شدت اختیار کر گیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان رائٹرز گلڈ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سابق اور موجودہ انتظامیہ کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔موجودہ انتظامیہ نے سابق اعزازی سیکریٹری اور ان کے بعض ساتھیوں پر مبینہ طور پر جعلی دستاویزات اور فائلوں کے ذریعے شہریوں کو گمراہ کر کے مالی فائدہ حاصل کرنے کی کوششوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق اس معاملے پر مختلف عدالتوں اور متعلقہ اداروں میں کیسز، درخواستیں اور انکوائریز زیرِ سماعت ہیں، جن کے باعث ایک عرصے تک سوسائٹی کے انتظامی امور متاثر رہے۔ تاہم بعد ازاں قانونی پیش رفت کے نتیجے میں روزمرہ امور دوبارہ بحال کر دیے گئے۔

موجودہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سابق عہدیداران اس وقت سوسائٹی کے انتظامی معاملات میں قانونی اختیار نہیں رکھتے، اس کے باوجود مبینہ طور پر مختلف اداروں میں درخواستوں اور غیر مصدقہ دستاویزات کے ذریعے اثرانداز ہونے کی کوششیں جاری ہیں۔

انتظامیہ نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ بعض شہریوں کو مبینہ جعلی فائلوں کے ذریعے مالی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، جس پر متعلقہ اداروں میں کارروائیاں جاری ہیں۔

عوام اور سوسائٹی کے ممبران کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی خرید و فروخت، ٹرانسفر یا مالی لین دین سے قبل متعلقہ انتظامیہ سے مکمل تصدیق ضرور کریں تاکہ ممکنہ فراڈ اور قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ یہ تمام الزامات انتظامیہ کے مؤقف پر مبنی ہیں اور ان سے متعلق حتمی فیصلہ عدالتوں اور متعلقہ اداروں کی کارروائی کے بعد سامنے آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں