راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو) پاک فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے زیر تربیت افسران اور فیکلٹی سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف نے ادارے کے اعلیٰ تربیتی معیار، علمی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کے فارغ التحصیل افسران نے ہمیشہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جدید جنگی حکمت عملی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، اس لیے افسران کو نئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز اور تینوں مسلح افواج کے درمیان بہتر ہم آہنگی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ افسران اور جوان مسلسل تربیت حاصل کریں تاکہ بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔
بعد ازاں انہوں نے بلوچستان میں تعینات افواج کے افسروں اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے بھرپور تعاون سے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کو پروپیگنڈا، جعلی خبروں یا بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف کام کرنے والی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔
انہوں نے بلوچستان میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے عوامی مرکزیت پر مبنی ترقیاتی حکمت عملی، بہتر گورننس اور سیکیورٹی اقدامات کو ضروری قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے صوبائی حکومت کی عوامی فلاح و بہبود اور سماجی و معاشی ترقی کے اقدامات کو بھی سراہا۔
دورے کے آغاز پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ نے کیا۔


