اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ ہمک پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کار پر غیر قانونی ریوالونگ لائٹ لگا کر خود کو سرکاری افسر ظاہر کرنے والے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کو گیگا مال کے قریب سے حراست میں لے کر بعد ازاں تھانہ ہمک منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار افراد ایک کرائے پر حاصل کی گئی گاڑی میں گھوم رہے تھے، جس پر غیر قانونی طور پر ریوالونگ لائٹ نصب کی گئی تھی تاکہ خود کو بااختیار سرکاری شخصیت ظاہر کیا جا سکے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے پاسپورٹس بھی برآمد ہوئے جبکہ زیرِ استعمال گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ملزمان کسی منظم نیٹ ورک کا حصہ تو نہیں اور انہوں نے جعلی شناخت کن مقاصد کے لیے استعمال کی۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ ہمک عرفان عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے اور خود کو جعلی سرکاری افسر ظاہر کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق کیس سے متعلق مزید انکشافات متوقع ہیں جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔


