بلوچستان میں ’پیپلز ایئر ایمبولینس‘ سروس کا آغاز، بلاول بھٹو زرداری نے افتتاح کر دیا

کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو)بلاول بھٹو زرداری نے جمعے کے روز بلوچستان میں ’پیپلز ایئر ایمبولینس‘ کے نام سے ایئر ایمبولینس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ سروس دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے مریضوں کو بروقت ہنگامی طبی سہولت فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ یہ دو جہازوں پر مشتمل سرکاری پبلک سروس ہے، جس میں جدید طبی آلات نصب ہیں۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ محکمہ صحت بلوچستان کے تحت شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد ہنگامی حالات میں مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنا ہے۔

وزیر صحت نے بتایا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کی درخواست یا صوبائی حکومت کے براہِ راست احکامات پر یہ ایئر ایمبولینس سروس فراہم کی جائے گی۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس منصوبے پر صوبائی حکومت نے کتنی رقم خرچ کی ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق اس سروس کا بنیادی مقصد دور دراز علاقوں کے مریضوں کو بروقت ہنگامی طبی امداد فراہم کرنا اور انہیں بڑے شہروں کے ہسپتالوں تک فوری منتقل کرنا ہے، تاکہ قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں