کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی ویسٹ میں تھانہ سرجانی پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق پولیس نے سیفل میری گوٹھ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان سے دو غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت شہریار ولد شکیل اور سید اسامہ شاہ ولد تسور حسین شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں، جن میں نارکوٹکس ایکٹ، اسلحہ ایکٹ اور دیگر سنگین دفعات کے مقدمات شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے کرمنل ریکارڈ کی مزید جانچ پڑتال جاری ہے اور نیٹ ورک سے متعلق بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔


