کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں ملیر جیل سے فرار ہونے والا قیدی نوید عرف پولکا پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق نوید عرف پولکا، جو قتل اور اغوا کے مقدمات میں ملوث تھا، 9 مئی کو ملیر جیل سے اس وقت لاپتہ ہوا جب قیدیوں کی گنتی کے دوران ایک قیدی کم پایا گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد جیل انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی تھی، جبکہ بعد ازاں ملزم کو جوہر آباد پولیس نے گرفتار کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی نشاندہی پر ایک مغوی کی لاش بھی برآمد کی گئی ہے، جبکہ نوید عرف پولکا نے ریحان نامی تاجر کے اغوا کے بعد قتل کا بھی اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم ماضی میں صحافی ولی بابر کے قتل کیس میں بھی گرفتار رہا ہے، تاہم اس کیس میں وہ شواہد کی کمی کے باعث بری ہو چکا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرار قیدی کو مشترکہ کارروائی کے دوران دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔


