کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے بدنام زمانہ منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی کی گرفتاری کو پولیس کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس کامیاب کارروائی پر پولیس مبارکباد کی مستحق ہے کیونکہ ملزمہ طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھی۔شرجیل انعام میمن کے مطابق ملزمہ انمول عرف پنکی پورے پاکستان میں منشیات کی ترسیل اور سپلائی کے ایک منظم نیٹ ورک کو چلا رہی تھی، جو نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیلنے میں ملوث تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔وزیر اطلاعات نے گذشتہ روز عدالت میں پیش آنے والے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے موقع پر موجود دو پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد معاشرے کو منشیات جیسے ناسور سے پاک کرنا ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔


