جے یو آئی کی “وحدتِ امت کانفرنس” کل ہوگی، مولانا فضل الرحمان خصوصی خطاب کریں گے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے زیر اہتمام “وحدتِ امت کانفرنس” کل بروز جمعرات 14 مئی شام 6 بجے نیا ناظم آباد، منگھوپیر روڈ ضلع غربی کراچی میں منعقد ہوگی، جس سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خصوصی خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق کانفرنس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ کراچی کے تمام اضلاع سے کارکنان اور عوامی قافلے نیا ناظم آباد پہنچیں گے۔
جے یو آئی سندھ کے مطابق مولانا فضل الرحمان تین روزہ دورے پر کراچی پہنچ چکے ہیں، اور کانفرنس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر اہم پالیسی بیان دیتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان متوقع ہے۔
کانفرنس سے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری، صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، علامہ راشد محمود سومرو سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین بھی خطاب کریں گے۔
منتظمین کے مطابق کراچی کے تمام اضلاع سے ہزاروں کارکنان ضلعی اور ٹاؤن قیادت کی سربراہی میں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس نے متبادل روٹس بھی جاری کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ جے یو آئی پہلی مرتبہ منگھوپیر ٹاؤن میں اس نوعیت کے بڑے عوامی اجتماع کا انعقاد کر رہی ہے، جس میں بھرپور عوامی شرکت متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں