گلشن اقبال میں سندھ فوڈ اتھارٹی ٹیم پر تشدد، ایف آئی آر درج، ایک ملزم گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)گلشن اقبال میں فوڈ انسپیکشن کے دوران سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر تشدد کے واقعے کا صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کے دوران سرکاری ٹیم پر حملہ کیا گیا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جبکہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

صوبائی وزیر خوراک نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ٹیم پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

ذرائع کے مطابق “ڈیلیشس نمکو” گلشن بلاک 2 پر چھاپے کے دوران مضر صحت اشیاء اور سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جن میں زائد المیعاد اور خراب تیل کے استعمال کے شواہد بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق فوڈ انسپیکشن کے دوران پیش آنے والے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں