اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ایوانِ صدر میں منعقدہ باضابطہ تقریبِ تقسیمِ اعزازات کے دوران آئی جی سندھ جاوید اختر اوڈھو کو ان کی نمایاں خدمات کےاعتراف میں تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا۔تقریب کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو قومی اعزازات سے نوازا۔ اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں، سول سروس اور دیگر اہم شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔
آئی جی سندھ جاوید اختر اوڈھو کو یہ اعزاز سندھ کے کچے کے علاقوں میں کامیاب “نجات مہران آپریشن”، امن و امان کے قیام، جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور عوامی خدمت کے اعتراف میں دیا گیا۔تقریب میں شریک شرکاء نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس اعزاز کو قابلِ فخر قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر قومی سطح پر نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔


