کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے) نے سرجانی ٹاؤن میں قبضہ مافیا کے خلاف بڑا آپریشن کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ نے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 10 اور 13 میں قائم غیر قانونی مارکیٹنگ دفاتر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد دفاتر مسمار کر دیے۔
آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ محمد شکیل خان نے کی، جبکہ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی موجود تھے۔حکام کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں قائم غیر قانونی مارکیٹنگ دفاتر کے خلاف کارروائی سے قبل ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے باقاعدہ اشتہارات کے ذریعے آگاہی بھی جاری کی گئی تھی۔
ادارے کے مطابق غیر قانونی تعمیرات اور قبضہ مافیا کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے اصف جان صدیقی نے کہا ہے کہ شہر میں کسی بھی قسم کے غیر قانونی قبضے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ شہری منصوبہ بندی کو بہتر بنایا جا سکے۔


